اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی ٗ سینٹ کے انتخابات وقت پر ہونگے ٗ مشاہد اللہ خان

 
0
343

اسلام آباد دسمبر 14 (ٹی این ایس) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی ٗ سینٹ کے انتخابات وقت پر ہونگے ٗ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جارہا ہے‘ 70 سالہ پرانا مسئلہ ہے‘ حکومت جلد حل کریگی۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہم نے ماضی سے نہیں سیکھا، اگر سیکھا ہوتا تو جمہوریت مضبوط ہوتی، اس وقت اتحاد کی ضرورت تھی، کچھ اپوزیشن جماعتیں غیر جمہوری طاقتوں کے ساتھ مل کر ملک کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور وہ پاکستان کی عوام کے چہروں پر خوشیاں نہیں دیکھنا چاہتے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاٹا کا مسئلہ 70 سال پرانا ہے حکومت فاٹا اصلاحات کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کر رہی ہے اس کے لئے وقت درکار ہے جبکہ رخنہ اندازی کو دور کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں جو ایم ایم اے بنی تو اس وقت حالات مختلف تھے، اس وقت جو ایم ایم اے کی اتحاد کی بات ہو رہی ہے اب حالات حق میں نہیں ہیں، ہم اتحاد کے حق میں ہیں، اپوزیشن جماعتوں اور حکومتوں کے اتحاد بھی خوش آئند ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی اور سینٹ کے انتخابات بھی وقت پر ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سپیکر نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے اگر اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہیں کریں گی تو پاکستان کو شدید نقصان ہوگا۔ پاکستان کے جمہوری نظام میں بڑی طاقت ہے۔ عوام ان سب جماعتوں کو دیکھ رہی ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں کام کر رہی ہیں اور 2018ء کے عام انتخابات میں درست فیصلہ کریں گی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر بیرسٹر جاوید عباسی نے کہا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے‘ عوام نے کس کو کامیاب کرنا ہے اس بات کو عوام پر چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے مطالبات پارلیمان میں لے کر آنے چاہئیں، سپیکر نے نشاندہی کی ہے کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے بل سینٹ میں رکا ہوا ہے اس کو منظور کرانے کی ضرورت ہے تاکہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔