حوثیوں کا مکہ مکرمہ پر پر داغا گیا میزائل ایرانی ساختہ تھا،امریکا

 
0
311

نیویارک دسمبر 15(ٹی این ایس)اقوام متحدہ میں متعیّن امریکی سفیر نِکّی ہیلی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران کا کردار بد تر ہوتا جارہا ہے اور وہ تنازعے کے شعلے بھڑکا رہا ہے۔امریکا کے پاس اس امر کے شواہد موجود ہیں کہ حوثی ملیشیا کا سعودی دارالحکومت الریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ہدف بنانے کے لیے داغا گیا میزائل ایرانی ساختہ تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نِکّی ہیلی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سامنے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ میزائل ایران میں تیار کردہ تھا اور پھر اس کو یمن میں حوثی ملیشیا کو بھیجا گیا تھا۔وہاں سے انھوں نے الریاض میں ایک شہری ہوائی اڈے کی جانب فائر کیا تھا۔اس سے سعودی عرب میں سیکڑوں شہری ہلاک ہوسکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران سے لاحق خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک بین الاقوامی اتحاد بنانا چاہتا ہے۔انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ امریکا کے پاس ایران کی جانب سے یمنی حوثیوں کو میزائلوں اور ہتھیاروں سے مدد مہیا کرنے کے شواہد موجود ہیں۔نِکّی ہیلی نے کہا کہ حوثیوں سے ضبط کیے گئے ہتھیاروں کی امریکا کے ایک اڈے پر نمائش کی گئی ہے اور یہ ہتھیار ایران کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزیوں کے مظہر ہیں۔امریکی سفیر نے کہا کہ ایرانی میزائلوں سے صرف سعودی عرب یا متحدہ عرب امارات ہی کو خطرہ لاحق نہیں ہے بلکہ ان سے ہر کسی کو خطرہ لاحق ہے۔انھوں نے واضح کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ایران پر ہتھیاروں یا میزائلوں کی برآمد پر پابندی عاید ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے اقدامات میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اور اس نے دہشت گردی کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع ایران کے خلاف اس کی معاندانہ کارروائیوں کے ردعمل میں نئے اقدامات کا اعلان کریں گے۔