اسلام آباد دسمبر 15(ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حلقہ بندیوں کےبل اور فاٹا اصلاحات کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
اپوزیشن جماعتیں فاٹا اصلاحات بل کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات کے لیے متحدہ اپوزیشن کمیٹی تشکیل دے چکی ہیں جب کہ حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر حکومت سینیٹ سے بل کو منظور کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کو آج ناشتے پر مدعو کیا تھا جس میں شرکت کے لیے بعض جماعتوں کے رہنما وزیراعظم ہاؤس پہنچے جب کہ حکومت کے اہم اتحادی مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی اجلاس میں شرکت کے لیے نہیں پہنچے۔
وزیراعظم کی پارلیمانی رہنماؤں سے ناشتے کی میز پر اہم امور پر مشاورت ہوئی جس کے بعد وزیراعظم کی سربراہی میں پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، ایم کیوایم پاکستان، عوامی مسلم لیگ کے رہنما شریک ہیں جب کہ تحریک انصاف، جے یو آئی (ف) اور پشتونخوا میپ سے کسی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حلقہ بندیوں اور فاٹا اصلاحات بل پر مشاورت کی جارہی ہے جب کہ وزیراعظم پارلیمانی رہنماؤں کو او آئی سی کے اجلاس سے متعلق بھی اعتماد میں لیں گے۔
دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ انہیں ایک وزیرنے کہا کہ وزیراعظم نے سب کو ناشتے پر بلایا ہے جس کے لیے تمام رہنما پہنچے لیکن وعدے کے مطابق کوئی اجلاس نہیں ہوا۔