روس کے دوسرے بڑے شہر میں داعش کا سیل بے نقاب

 
0
362

ماسکو دسمبر 16(ٹی این ایس)روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ملک کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) کا ایک سیل بے نقاب کرلیا ہے جہاں شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔روسی خبر ایجنسی کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ ایف ایس بی نے داعش کے ہمدردوں کی سرگرمیوں کا کھوج لگایا اور انھیں روک دیا ہے جنھوں نے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

ایف ایس بی کا کہنا تھا کہ گروپ نے شہر کے شمالی علاقے میں خود کش حملہ کرکے ‘شہریوں کو ہلاک’ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔سیکیورٹی سروس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران گروپ کے 7 اراکین کو گرفتار کیا گیا اور پولیس نے ‘بڑی مقدار میں گھریلو ساختہ بم بنانے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد، آٹومیٹک رائفلز، اسلحہ اور انتہاپسندانہ لٹریچر برآمد کرلیا ہے۔ایف ایس بی کے سربراہ الیگزینڈر بروٹنیکوف نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ روس ورلڈ کپ اور 2018 کے صدراتی انتخابات کے دوران شام سے تعلق رکھنے والے انتہاپسندروں کی جانب سے حملوں کے حوالے سے الرٹ تھا۔