وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان مضبوط تعلقات کار کا اظہار

 
0
385

 

 

اسلام آباد،دسمبر19(ٹی این ایس) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان مضبوط تعلقات کار کا اظہار کیا ہے وہ منگل کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر چیائو ہانگ یانگ کے درمیان وزیراعظم آفس میں ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے ۔ سینئر توانائی سپیشلسٹ اے ڈے بی پاکستان اسد علیم ، سینئر اکنامکس آفیسر فرزانہ نوشابہ ‘ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن عارف احمد خان اور سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

چیائو ہانگ یانگ نے وافر بجلی پیدا کرکے توانائی کی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت کو سراہا، انہوں نے مضبوط اقتصادی نمو کو بھی نوٹ کیا جو آئندہ مالی سال کے دوران 5.8 فیصد متوقع ہے جس سے محصولات کی وصولی میں اضافہ ہوا جبکہ موجودہ حکومت کی طرف سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات بھی متعارف کروائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبہ میں نمایاں بہتری سے نہ صرف گھریلو صارفین کو سہولت ملی بلکہ بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ میں بھی ترقی ہوئی انہوں نے کہا کہ ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بھی حالیہ برسوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سرمایہ کار پاکستان میں موجود سرمایہ کاری مواقع سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی منڈی میں پاکستان کی واپسی ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ اے ڈی بی باہمی طور پر متفقہ تمام شعبہ جات میں مالیاتی اور تیکنیکی مہارت کی فراہمی جاری رکھے گا ۔اس کے علاوہ توانائی کے شعبہ میں اے ڈی بی کی مسلسل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے چیائو ہانگ یانگ نے گیس کے شعبے اورپاکستان ریلویز وپاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سمیت سرکاری ملکیت اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروانے کے لئے مالیاتی اور تکنیکی معاونت کی بھی پیشکش کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبہ جات کے لئے مسلسل معاونت پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعلقات کار مزید فروغ پائیں گے جیسا کہ پاکستان بلند اقتصادی نمو حاصل کررہا ہے۔