آرمی چیف کا پارلیمنٹ میں بریفنگ دینا نیک شگون ہے، عسکری و سول قیادت مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، احسن اقبال

 
0
337

حویلیاں ،دسمبر 20(ٹی این ایس): وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا پارلیمنٹ میں بریفنگ دینا نیک شگون ہے، عسکری و سول قیادت مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھیں گے، عمران خان نواز شریف کے انصاف کی تحریک چلانے کے بیان کے بعد سڑکوں پر جو نکلنے کی بات کر رہے ہیں وہ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں جبکہ نواز شریف جو تحریک چلانا چاہتے ہیں وہ اداروں اور عدلیہ کے استحکام کیلئے ہے،پاک۔

چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے، حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے پر ترقیاتی کاموں کے جائزہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیض آباد کا دھرنا ایک ڈرائونا خواب تھا، دہشت گرد اور سازشی عناصر چاہتے تھے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو جنم دیا جائے لیکن عسکری اور سول قیادت نے تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ سازشیں ناکام بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری پر کام تیزی سے جاری ہے، حویلیاں۔تھاکوٹ موٹروے کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ اس حصہ کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے اور بھی مضبوط، مستحکم اور گہرے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک روٹ کے مغربی حصہ میں ڈیرہ اسماعیل خان سے ہکلہ تک شاہرات کو تیزی سے تعمیر کیا جا رہا ہے، ان علاقوں میں شاہراتی منصوبوں کا مقصد پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کے انصاف کی تحریک چلانے کے بیان کے بعد سڑکوں پر جو نکلنے کی بات کر رہے ہیں وہ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں جبکہ نواز شریف جو تحریک چلانا چاہتے ہیں وہ اداروں اور عدلیہ کے استحکام کیلئے ہے، نواز شریف کا بیان عمران خان کی سوچ سے دو قدم آگے کا ہے۔