آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کو تعلیمی معیار مذید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے ہونگے،سردار مسعود خان

 
0
312

مظفرآباد دسمبر 20(ٹی این ایس)سردار مسعود خان، صدر آزاد جموں و کشمیر نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے پندرھویں کانووکیشن میں بطور چانسلر صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانووکیشن کسی ادارے کی تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور آج کا دن کامیاب طلباء کے لیئے خوشی اور انعام کا دن ہے جس پر میں کامیاب طلباء کو بالخصوص میڈل حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دینے کے علاوہ ان کے بہتر مستقبل کے لیئے دعا گو ہوں۔چانسلر نے کامیاب طلباء و طالبات کی کامیابی کے پیچھے وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کو مستقبل میں اعلیٰ معیار تعلیم بہم پہنچانے کے سلسلہ میں بہترین ادارہ کی حیثیت سے دیکھ رہا ہوں۔

صدر مسعود خان نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کا حقیقی اثاثہ نہ توتیل، معدنیات اور زراعت ہے بلکہ بہتر تعلیم کا عطا ہونا ہے اور یہی فرق ترقی یافتہ اور ترقی پذیر قوموں میں پنہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سُن کر خوشی ہوئی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ریویو پینل نے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں ایم فِل او رپی ایچ ڈی پروگرامز کے اجراء کی منظوری دی ہے ۔جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے ۔صدر گرامی نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کو تعلیمی معیار مذید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرنے ہونگے ۔آزادکشمیر یونیورسٹی کو تعلیم یافتہ اور تجربہ کار افرادی قوت کے حصول کے لئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔جیسا کہ حال ہی میں وائس چانسلر جامعہ نے اپنے دورہ اٹلی کے دوران اس سلسلہ میں اقدامات اٹھائے ہیں۔

صدر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس کی تعمیر میں زلزلہ کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیوں میں درپیش مسائل اور دیگر مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور معاملہ کی حساسیت اور نوعیت کا ادراک کرنے کے لئے اس کا دورہ بھی کیا اور یہ بتانے میں خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ کنگ عبداللہ کیمپس کے تعمیراتی کام بڑی تیزی مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیلم اور جہلم ویلیز میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے نئے کیمپسز کے قیام کے لئے زمین کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اور آزاد حکومت نے طلباء و طالبات کو تعلیم جاری رکھنے کے لئے دونوں کیمپسز کے لئے مطلوبہ رقبہ فراہم کردیا ہے ۔صدر نے کہا کہ میں آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے معاملات سے بخوبی اگاہ ہوں اور درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر فورم پر تعاون کے لئے تیار ہوں اور انہوں نے یقین دلایا کہ آزاد حکومت بھی معیار تعلیم کو مذید بہتربنانے کے لئے یونیورسٹی کے ساتھ ہے۔جناب صدر نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی طلباء و طالبات کی فلاح و بہبود کے لئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے اور اس وقت طلباء وطالبات کی کثیر تعداد ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے Need based Scholarship Programmes ، وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی فیس واپسی اور لیپ ٹاپ جیسی سکیموں سے مستفید ہورہی ہے۔

صدر نے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کی مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کی کوششوں کے خلاف بھارتی افواج کی بربریت کو بے نقاب کرنے اور مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کو اجاگرکرنے کے لئے کاروان آزادی کے نام سے منعقدہ سیمینار کو قومی سطح پر پذیرائی ملی ہے ۔

صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا معاملہ ہے یہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک زمینی اور علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقوق بالخصوص حق خودارادیت کا معاملہ ہے ۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہے جس سے ہمیں مایوسی ہوئی ہے ۔ہم نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا کے مختلف فورمز پر پیش کیا ہے اور اللہ نے چاہا تو کشمیری اپنا حق خودارادیت لے کر رہیں گے اور جلد ہی کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔

صدر مسعود خان نے مزید کہا کہ حکومت ہر سطح پر میرٹ کی بالا دستی کو یقینی بنائے گی۔یونیورسٹی میں تعیناتی اور داخلے میں میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالا دستی سے ہی قابل اور فعال گریجویٹس روزگار کے حصول میں کامیاب ہو سکیں گے۔ صدر ریاست نے کامیاب طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر کاوشیں آزاد کشمیر اور پاکستان کی اقتصادی، سماجی اور سیاسی کامیابی کیلئے وقف ہونی چاہیے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ معیاری تعلیم ہر شہری کو باآسانی میسر ہو اور اس سلسلے میں یونیورسٹی کے جدید کیمپسز آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں کھولے جائیں گے۔ اس حوالے سے جلد پونچھ یونیورسٹی کا عباسپور میں اور مسٹ میرپور کا پلندری میں کیمپس شروع کیاجائے گا۔