پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑے گی، طلال چوہدری

 
0
399

اسلام آباد ،دسمبر20(ٹی این ایس): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات اپنی کارکردگی کی بنیاد پر لڑے گی اور 2018ء میں برسر اقتدار آکر عام آدمی کے فائدے کے لیے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے گی۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی بالادستی کے بارے میں عوام کے اندر شعور پیدا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں عدلیہ کی بحالی کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے بھی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نظام میں اصلاحات چاہتی ہے اور اپنے مقاصد کے حصول تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ملکی قانون کے مطابق آئین توڑنا ایک بڑا جرم ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تیسری مرتبہ منتخب کردہ وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقبول ترین رہنماء محمد نواز شریف بھی اس ملک میں اپنی آئینی مدت پوری نہیں کر سکے۔