نواز شریف کو اپنی نا اہلی سے زیادہ عمران خان کی اہلیت پر تکلیف ہے ،میاں محمودالرشید

 
0
309

لاہور،دسمبر20(ٹی این ایس) : پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی نا اہلی سے زیادہ عمران خان کی اہلیت پر تکلیف ہے، نوازشریف کونسلر کا الیکشن نہیں لڑ سکتے، تحریک خاک چلائیں گے، کسان احتجاج کی کال دیں یا دھرنا، تحریک انصاف انکا بھرپور ساتھ دیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

سابق وزیراعظم کی نا اہلی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر فیصلہ عمران خان کیخلاف بھی آتا تو چیئرمین سمیت پوری قیادت تسلیم کرتی، جہانگیر ترین فیصلے میں نظر ثانی پیٹیشن آئینی و قانونی حق ہے، تحریک انصاف دائر کریگی، فیصلے پر اختلاف ہو سکتا ہے لیکن یہ نہیں کہ اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا مسئلہ اپنی نا اہلی سے کہیں زیادہ عمران خان کے اہل ہونے کا ہے، انہیں تکلیف بھی اسی بات کی ہے،عدل کیخلاف تحریک پوری مسلم لیگ ن ملکر بھی نہیں چلا سکتی ہے، نوازشریف کونسلر کا الیکشن نہیں لڑ سکتے تو تحریک خاک چلائیں گے، کسانوں اور کاشتکاروں سے متعلق سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ قانون کے تحت مالکان شوگر ملیں اکتوبر سے چلانے کے پابند ہیں، اکتوبر اور نومبر ختم ہونے کے باوجود شوگر ملیں نہیں چلائی جا رہیں، شوگر ملز نہ چلنے سے گنے کے کاشتکاروں اور غریب کسانوں کا شدید نقصان ہو رہا ہے، رواں سیزن کی کر شنگ شروع نہ ہونے سے صرف جنوبی پنجاب میں 40 ارب سے زائد رقم ڈوبنے کا خدشہ ہے، انہوں نے کہا کہ گنے کی فصل بروقت نہ کاٹنے سے گندم کی بجائی تاخیر کا شکار ہو نے سے خوراک کی قلت کا سامنا ہونے اور غریب کسانوں کی مالی مشکلات میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

کسان احتجاج کی کال دیں یا دھرنا، تحریک انصاف انکا بھرپور ساتھ دیگی۔