صدر مملکت ممنون حسین سے او پی ایف کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک کی ملاقات

 
0
407

اسلام آباد ،دسمبر21(ٹی این ایس): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اہم ذمہ داری ہے اورتارکین وطن کے مسائل ترجیحی بنیاد وں پر حل کرنا ضروری ہیں، انھوں نے یہ بات او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹرامجد ملک سے ملاقات کے دوران کہی جنھوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر ممنو ن حسین نے اس موقع پرکہا کہ اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کا ایک اہم مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کی اور پاکستان میں اٴْن کے خاندان کی فلاح و بہبود ہونی چاہیے، توقع ہے کہ او پی ایف اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کرتی رہے گی۔

انھوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی تعداد میں کمی کے رحجان پر اظہار تشویوش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ہنر مند اور غیر ہنر مند کارکنان کو بیرون ملک روزگار دلانے کے نئے طریقوں پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اوپی ایف بیرون ملک پاکستانیوں کے سفارت خانو ں کے ساتھ روابط میں مزید اضافہ کرے تاکہ اٴْن کے مسائل زیادہ سے زیادہ حل کیے جاسکیں،اس کے لیے ضروری ہے کہ سفارت خانوں میں کمیونٹی ویلفیئر آفیسر کی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔

صدر ممنون حسین نے مزیدکہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے بچوں کے پاکستانی تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے کوٹے کے تعین کے لیے کام کیا جائے اور عرب ممالک میں پاکستانی اسکولوں کے قیام کے لیے سنجیدگی سے کام کیا جائے تاکہ عرب ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے بچوں کے لیے سستی تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے۔او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے تارکین وطن کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر صدر ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا۔