چین کے صدر شی جن پنگ کا صدر مملکت ممنون حسین کو ان کی سالگرہ کے موقع پرمبارک با د اور نیک تمناؤں کا پیغام

 
0
333

اسلام آباددسمبر 23(ٹی این ایس) چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر مملکت ممنون حسین کو ان کی سالگرہ کے موقع پرمبارک با د اور نیک تمناؤں کا پیغام بھجوایا ہے۔ صدر مملکت کو یہ پیغام چین کے سفیر ینگ یاو نے خصوصی طور پر پہنچایا۔ چینی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور اسٹرٹیجک شراکتدار ہیں جو آزمائش کے ہر موقع پر ایک دوسرے کے کام آئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے ہر شعبے میں تعاون میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو باعث مسرت ہے۔

چینی صدر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انھیں پاک چین دوستی سے بے پناہ توقعات ہیں اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں تاکہ دونوں ممالک کی سدا بہار دوستی ترقی کرتی رہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ملک عوام کی خوشحالی کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا کے لیے مثال حیثیت رکھتی ہے۔