تحریک انصاف کا قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے تاریخی احتجاج کا فیصلہ

 
0
337

اسلام آباددسمبر 24(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف نے فاٹا اصلاحات پیکج پر عمل درآمد کرانے اور قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا سے انضمام کے حوالے سے تاریخی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس بات کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے کور کمیٹی اجلاس میں کیا گیا تاہم احتجاج کا طریقہ کار اور اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ایک انٹرویو میں شفقت محمود نے بتایا کہ پارٹی نے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فاٹا اصلاحات پیکج پر عمل درآمد کرانے کیلئے احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکے۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے قبائلی علاقوں کے عوام کو بنیادی حقوق نہ دے کر ان سے زیادتی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت نے سیاسی مصلحتوں کے باعث انضام کے حوالے سے یو ٹرن لیا ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام قابل مذمت ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی جلد احتجاج کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے گی اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ قبائلی علاقوں کے عوام کو فاٹا سے اسلام آباد تک ریلی کی کال بھی دی جاسکتی ہے۔شفقت محمود نے کہاکہ پارٹی کی قیادت کا خیال ہے کہ جنگ زدہ فاٹا کو ترقی اور تعمیر کی ضرورت ہے، جو اس کے خیبرپختونخوا سے انضمام کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سمجھتی ہے کہ اگر وہ ابھی فاٹا کا خیبرپختونخوا سے انضمام کرانے میں ناکام رہی تو یہ 2023 میں ہی ممکن ہوسکے گا اور اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوگی۔