اسلا م آباد کی مقامی نوکریوں میں اسلام آباد کے شہریوں کو ان کا جائز حق دلائیں گے ٗطارق فضل چوہدری

 
0
456

اسلام آباد دسمبر24 (ٹی این ایس)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلا م آباد کی مقامی نوکریوں میں اسلام آباد کے شہریوں کو ان کا جائز حق دلائیں گے، سیاست میں اپوزیشن کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے،مسلم لیگ (ن)کے منصوبے افتتاحی تختیوں تک محدود نہیں،تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں سے عوام فائدہ اٹھا رہے ہیں‘اسلام آباد کے طول و عرض میں شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومتی قیادت ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے اتوار کو علی پور میں گیس فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اور صحت کے اداروں میں افرادی قوت کی کمی کو فی الفور پورا کیا جا رہا ہے ،جس سے یہ ادارے احسن طریقے سے کام کریں گے۔ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈیرھ ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں ، پانی کی فراہمی ، گلیوں کی تعمیر اور سیوریج کے نظام کیلئے ترقیاتی کام جاری ہے ،اسلام آباد کے دیہی علاقے بھی جلد ہی ڈویلپڈ قصبے کا روپ دھار لیں گے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملکی خوشحالی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اس کے تمام ترقیاتی منصوبے اس کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں اسلام آباد کے نوجوانوں کیلئے مختص کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں ان صوبوں کیلئے ہی مختص ہیں اور ان میں اسلام آباد کا کوئی کوٹہ نہیں جس کی وجہ سے اسلام آباد کے نوجوانوں میں احساس محرومی پایا جاتا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے وہ ادارے جن کی عملداری صرف اسلام آباد تک ہی محدود ہے ان میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی ملازمتیں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے مختص کی جائیں ،تمام صوبوں میں یہی اصول مروج ہے اور صوبوں میں اسی اصول کے تحت بھرتیاں کی جاتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس ایشو پرفوری غور کیا جائے اور اس پر کابینہ کی طرف سے ایک حکم جاری کیا جائے، عرصہ دراز سے اسلام آباد کے نوجوان سرکاری نوکریوں میں اپنے جائز حق سے محروم ہیں جس کا ازالہ کیا جانا چائیے ۔اسلا م آبادکے دیہی علاقوں میں دو ارب روپے کے گیس کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے ان علاقوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ شہر کے دو سو سرکاری تعلیمی اداروں میں پونے تین ارب روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہے جس سے ان میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔دور دراز سے آنے والے طالب علموں خصوصاً طالبات کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے دو سو بسیں فراہم کی جارہی ہیں جس میں سے ستر بسیں خریدی جا چکی ہیں اور مزید 130بسوں کیلئے ٹینڈر دے دیا گیا ہے ۔اس پراجیکٹ پر ڈیڑھ ارب روپے لاگت آئے گی۔