ملکی معیشت تباہ ہوگئ مگر فوج اعتکاف میں اور عدلیہ حجاب میں بیٹھی ہوئی ہے، طاہرالقادری سے پہلے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔شیخ رشید

 
0
384

ملتان، دسمبر 25 (ٹی این ایس) : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورر کن قومی اسمبلی شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہ ہوگئی ہے لیکن فوج اعتکاف میں اور عدلیہ حجاب میں بیٹھی ہوئی ہے،حدیبیہ کیس میں جان بوجھ کرشہبازشریف کوریلیف دیا گیا،کیس لیکر دوبارہ عدالت جارہا ہوں،نوازشریف نے منی لانڈرنگ کی ،طاہرالقادری سے پہلے نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔سکیورٹی فورسز نے کلبھوشن کو گرفتار کرکے بھارت کو بے نقاب کیا،ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف اورپاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، نوازشریف نے منی لانڈرنگ کی اور اسحاق ڈار کو بیرون ملک بھجوا دیا ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے، ملک کا خزانہ تباہ ہوگیا ہے لیکن فوج اعتکاف میں اور عدلیہ حجاب میں بیٹھی ہوئی ہے اگر حالات یوں ہی چلے تو پھر فیصلہ قوم کو کرنا پڑے گا، عوام لاہور جانے کی تیاری کرلے حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف دونوں بھائیوں نے رام اورشام کی فلم لگائی ہوئی ہے،ایک بھائی عدلیہ کیساتھ ہے دوسرا گالیاں دیتا ہے،انہوں نے کہا کہ حدیبیہ کیس میں جان بوجھ کرکوئی فائل نہیں لگائی گئی،شہبازشریف کیخلاف حدیبیہ کیس کی تیاری مکمل کرلی ہے،کیس لیکر دوبارہ عدالت جائوں گا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری جو بھی فیصلہ کریں گے تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ ان کے ساتھ کھڑی ہوں گی، جلد ہی ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کی ملاقات ہوگی جو سیاسی طور پر کامیاب ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت شق میں ترمیم کے اصل مجرم بھی نوازشریف ہیں،ساری قوم ساتھ ہے،حکمران عوام کے شکنجے میں آئینگے ،ناموس رسالت کے ہرفورم پرعوامی مسلم لیگ ساتھ ہوگی۔