قبائلی علاقوں میں صدیوں پرانے فرنٹیر کرائمز ریگولیشن کو ختم کیا جارہا ہے جس کا مقصد فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ہے، وزیرِ اعظم

 
0
325

خیبر ایجنسی ، دسمبر 25 (ٹی این ایس): وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں میں صدیوں پرانے فرنٹیر کرائمز ریگولیشن کو ختم کیا جارہا ہے جس کا مقصد فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ہے۔پیر کو خیبر ایجنسی میں گورنر فاٹا یوتھ سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے ملک کے تحفظ اور ترقی میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قبائلیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہاکہ آپریشن، ردالفساد ،ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے باعث فاٹا سمیت ملک میں امن بحال ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں محمد علی جناح لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم پر زور دیاکہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے اتحاد، ایمان اورتنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو مسلمانان برصغیر کی خدمت کیلئے اپنی زندگی وقف کرنے پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے خطیر رقم خرچ کررہی ہے ۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز کریں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ قانون سازی حتمی مرحلے میں ہے اور حکومت یہ عمل اتفاق رائے کیساتھ مکمل کر نا چاہتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ سیاست نہیں بلکہ وقت تقاضا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام فریق ایف سی آر کو پاکستانی قوانین سے بدلنے پر متفق ہیں کیونکہ اسے برطانوی راج نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے وضع کیا تھا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ فاٹا میں آج امن سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں ،سول انتظامیہ اور قبائلی علاقوں کے عوام کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایک وقت میں فاٹا سے دہشتگردی کا خاتمہ ناممکن لگتا تھا تاہم حکومت نے اس ناسور کے علاقے سے خاتمے کا ہدف تمام فریقوں کے ساتھ ملکر حاصل کیا ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ قبائلی عوام نے ہمیشہ پاکستان کی خدمت کی ہے اور انہوںنے ملک کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بد قسمتی سے فاٹا کے عوام بنیادی عدالتوں سے محروم ہیں تاہم اب حکومت نے انہیں ملک کے دیگر بڑے شہروں کے برابر لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ فاٹا میں پہلے ہی ایک یونیورسٹی قائم کی گئی ہے اور حکومت اس کا دائرہ کار تمام قبائلی ایجنسیوں تک بڑھائے گی۔

خیبر پختون خوا کے گور نر اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے خطاب میں کہاکہ اب ہم یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ فاٹا اب ہمارے شہروںسے زیادہ محفوظ ہے اور اس کا سہرا حکومت کے سر ہے جس نے تمام تر فریقوں کے اتفاق رائے سے آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد شروع کیا ۔