کھلاڑی اور فنکار ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، سینیٹر راجہ ظفر الحق 

 
0
379

اسلام آبادسپورٹس کمپلیکس میں سیکنڈ قائد اعظم بین الصوبائی گیمز 2017کی افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد،دسمبر 25 (ٹی این ایس): قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی اور فنکار ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستان کے کھلاڑیوں اور فنکاروں نے دنیا بھر میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے اور دنیا کو امن اور محبت کا درس دیا ہے پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے پاکستان کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو بہتر مواقع اور سہولیات فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی قابلیت دکھا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار قائد ایوان سینٹ نے اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں سیکنڈ قائد اعظم بین الصوبائی گیمز 2017کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ آج بانی پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جس طرح ان کے بیٹے اور بیٹیاں اتحاد و اتفاق کا یہاں عملی مظاہرہ پیش کر رہے ہیں وہ قائد اعظم کی سوچ تھی۔ پاکستان ایک جسم ہیں تمام صوبے اس کا حصہ ہیں۔قائد اعظم بین الصوبائی گیمز 2017ء میں ملک بھرسے نوجوان بچے اور بچیاں شرکت کر رہے ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے اور تمام پاکستانی حب الوطن ہیں۔ پاکستان کرکٹ ، ہاکی، سنوکر ، کبڈی اور دیگر کھیلوں کا عالمی چیمپین بھی رہا ہے۔ موجودہ حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ دہشت گردی اور دیگر مسائل کا بھر پور مقابلہ کیا اور موثر حکمت عملی کی بدولت ملک میں خوشحالی و ترقی اور امن کی صورتحال بہتر ہوئی ہیں۔

اس موقع پر وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد کرانا موجودہ حکومت کا ہدف تھا۔ پہلی قائد اعظم بین الصوبائی گیمز 2016میں شروع کی گئیں اس بار پاکستان بھر سے چار ہزار بچے و بچیاں شرکت کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کی ضمانت ہے موجودہ حکومت نے ملک کو دریپش بڑے مسائل پر قابو پایا اور ملک کو معاشی ترقی کی طرف گامزن کیا ہے یہ سب کچھ وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی سے ہو رہا ہے۔بلوچستان کے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا ہے۔ دہشت گردی کے ماحول کو کھیلوں کے میدان سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے اب نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں کھیلوں کے ذریعے دنیا بھرکو امن و محبت کا پیغا م دیا جا رہا ہے۔