پی ٹی آئی کراچی قائد اعظم کی سالگرہ پر تقریب ، قائد کی وجہ سے ہی آج ہم کسی کے غلام نہیں،انکے خوابوں کا پاکستان بنانے کی جدوجہد کریں،اسد عمر کا خطاب

 
0
341

کراچی،دسمبر25 (ٹی این ایس):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ پوری قوم کی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کو ایسا پاکستان بنانے کے لئے جدوجہد کریں جیسا پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بنانے کا خواب دیکھا تھا۔ پاکستان بنا کر قائد اعظم محمد علی جناح ؒ قوم پر احسان کیا تھا کہ آج ہماری نسلیں آزاد ملک میں سانس لے رہی ہیں اور کسی کی غلام نہیں ہیں۔ قوم کو چاہئے کہ وہ قائد کے بتائے ہوئے اصولوں اور خدمات پر چل کر پاکستان خطے میں ایک ترقی یافتہ اور مضبوط ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ باتیں انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 142ویں سالگرہ کے موقع پر مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر عارف علوی، علی زیدی، عمران اسماعیل، خرم شیر زمان، فردوس عاشق اعوان، سیف الرحمان خان، منصورشیخ، عزیز اللہ آفریدی،راجہ اظہر خان، ڈاکٹر سنجے، فہیم خان، بلال غفار ، عائشہ وارثی اور دیگر بھی موجود تھے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی جس کے بعد رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر امینشن پر قائد اعظم کے یوم پیدائش کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت ۔ وریز مینشن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کوشاں ہے کہ قائد اعظم ؒ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق پاکستان میں ہر غریب کو انصاف مل سکے۔ جیسا آئین پاکستان تصورکرتا ہے کہ جو آسائشیں اور حقوق شہریوں کو ملنے چاہئے وہ نہیں مل رہے۔ قائد اعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اب جب پاکستان بن گیا ہے تو ہمیں سب کے حقوق کا خیال کرنا ہوگا۔ یہ ملک قائد اعظم کی قیادت میں ہمارے آباؤ اجداد کی قربیانیوں کے نتیجے میں ہمیں ملا ہے اس لئے ہمیں قائد اعظم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق تمام قومیتوں ، مذاہب سے بالا تر ہو کر ایک قوم بننے اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مسیحی برداری کے مذہبی تہوار کرسمس پر کہا کہ کرسمس کا دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت ، امن، برداشت اور انسانی ہمدردی کے پیغام کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی اور بہتری کے لئے خدمات قابل ستائش ہیں۔ مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔