قائد اعظم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ : مسلم لیگ (ن) کے مختلف شعبہ جات کی طرف سے تقریبات کا انعقاد

 
0
1117

کراچی،دسمبر25 (ٹی این ایس): بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن ، مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین اور مسلم لیگ (ن)لیبرونگ سندھ کی جانب سے الگ الگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پارٹی کے رہنماؤں خواجہ طارق نذیر،حاجی شاہجہاں، عبدالرحیم اعوان،نورخان اخوندزادہ، سہیل ندیم، سلیم انجم، شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہنازاختر، جمیلہ ظفر،راحیلہ ملک،خواجہ نیئرشریف، میڈیاکوآرڈی نیٹرعبدالحمیدبٹ ،ندیم آرائیں ،نوید بھیرو ،سجاد بلوچ ،الطاف قریشی سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر شعبہ خواتین ،لیبر ونگ کی جانب سے بابائے قوم اور میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیرپاک و ہند کے مسلمانوں کا آزاد وطن کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا،بلاشبہ آزادی کی طویل جدوجہد میں قائد اعظم کی ولولہ انگیز شخصیت روشنی کے ایک بلند مینار کی حیثیت رکھتی ہے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ایک بااصول، مدبر اور جرت مند کردار کی حامل شخصیت تھے اور کوئی لالچ یا خوف انہیں اپنے عظیم مقصد سے ہٹانہ سکا۔محمد علی جناح کی عظیم قیادت میں برصغیرپاک و ہندکے مسلمانوں کی آزادی کے حصول کیلئے تاریخی جدوجہد رنگ لائی اور آج ہم قائد کی وجہ سے آزاد قوم کی حیثیت سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ۔ قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو تمام بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصول اپنانے کی تلقین کی ہے اور قائد کا پیغام اتحاد ، تنظیم اور ایمان آج بھی پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا ضامن ہے۔ قائد اعظم کے فرموادات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحمل،برداشت اوررواداری پر مبنی پرامن معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناح کا خواب تھا۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد ملک کو میاں نواز شریف کی صورت میں ایک حقیقی رہنما ملا ہے جس کا وژن ملک کو بابائے قوم کے افکار و نظریات کے مطابق پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے ۔چند ناقاعبت اندیش سیاستدانوں کے غیر سنجیدہ طرز عمل نے ملک میں جمہوریت کو خطرات سے دوچار کردیا ہے ۔قائد اعظم ملک کو حقیقی جمہوری اور فلاحی ریاست دیکھنا چاہتے تھے ۔میاں نواز شریف اس ہی نظریے پر کاربند ہیں لیکن ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن میاں نواز شریف کی قیادت پر غیر متزلزل ایمان رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کھویا ہوا وقار حاصل کرنے کیلئے قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں لائحہ عمل ترتیب دیکر آگے بڑھناہوگا اور پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کا رلانا ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہمیں پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے قائد اعظم کے فرمودات کو اپناتے ہوئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا نے کے عہد کی تجدید کرنا ہوگی۔اس سے قبل مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے مزار قائد اعظم محمد علی جناح پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔