جنرل ہسپتال نے ہر میگا ایونٹ پر جدید سہولتوں والا عارضی ہسپتال قائم کرنے کا اعزاز برقرار رکھا ،شہباز شریف کا صوبے کو ہیپاٹائٹس فری بنانے کا خواب ضرورپورا ہوگا ‘پروفیسر غیاث النبی طیب

 
0
309

لاہور،دسمبر 25 (ٹی این ایس): جنرل ہسپتال نے ہر میگا ایونٹ پر جدید سہولتوں سے مزین عارضی ہسپتال قائم کرنے کا اعزاز برقرار رکھا ہے اورعالمی کرکٹ میچز ہوں یا کوئی تقریب ،اس ہسپتال کی طرف سے ہمیشہ طبی سہولتوں کی فراہمی کا بندو بست کیا گیا ہے گزشتہ روز بیدیاں روڈ پر پی کے ایل آئی کے افتتاح کے موقع پر شہباز شریف زچہ بچہ سینٹر میں جنرل ہسپتال کی طرف سے دوبارہ 20بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال بنایا گیا جس میں آپریشن تھیٹر سے لے کر بلڈ بینک تک اور دیگر تمام طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب نے پنجاب حکومت کی طرف سے کیے جانے والے اس اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جنرل ہسپتال آئندہ بھی اسی جوش و جذبے اور قومی خدمت کی لگن کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی جار ی رکھے گا ،انہوں نے ڈاکٹرز کمیونٹی ،نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا بھی شکریہ ادا کیا جو کسی بھی موقع پر نا گہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور حکومت کی ایک کال پر اپنی خدمات پیش کرتے ہیں ،پروفیسر غیاث النبی طیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے شعبہ صحت کے لئے کیے جانے والے اقدامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور پی کے ایل آئی جیسے ادارے کے کم سے کم وقت میں قیام کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ایسے ہی منصوبوں کی ضرورت ہے جن سے انہیں صحت کی جدید سے جدید سہولتیں کم سے کم اخراجات کے ذریعے حاصل ہو سکیں ۔پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا صوبے بھر ہیپا ٹائٹس فری بنانے کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگااور صحت کے شعبے میں ان کی ترجیحات میں یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔