معاشرے بالخصوص غریب طبقات کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، شاہد خاقان عباسی

 
0
366

اسلام آباد ،دسمبر26(ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معاشرے بالخصوص غریب طبقات کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو ایوان وزیر اعظم میں کنٹونمنٹ ہسپتال راولپنڈی کی تشکیل نو کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر ، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، سیکرٹری خزانہ اور سینئر افسران شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس نے وزیراعظم کو کنٹونمنٹ ہسپتال میں رہائشیوں اور غیر رہائشیوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بالخصوص غریب افراد کو صحت کی بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ہسپتال کی تزئین اور اسے جدید ترین طبی ساز و سامان سے آراستہ کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کو بتایاگیاکہ اپ گریڈیشن منصوبوں میں موجودہ 500 بستروںکی سہولت کو مکمل طورپر فعال کرنے کے علاوہ ایک میڈیکل کالج کے قیام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہریوں خاص طور پر غریب طبقوں کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے صحت کی مناسب سہولیات کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیحات میںشامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت انسانیت کی زیادہ مستعد انداز میں خدمت کے لئے ہسپتال کو ہرممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔