پاکستان پیپلز پارٹی کا آئندہ عام انتخاب میں اتحاد کی بجائے اپنے انتخابی نشان سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

 
0
538

کراچی دسمبر 28 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ عام انتخابات میں اتحاد کی بجائے اپنے انتخابی نشان سے ہی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیاہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو نے کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنےکی تجویز کو بھی مسترد کردیا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں ہر حلقے سے اپنا اُمیدوار کھڑا کرے گی۔ اجلاس میں نواز شریف اور عمران خان کو بھی سخت جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی نے حکمت عملی بنائی کہ عمران خان کی کوئی الزام تراشی اب برداشت نہیں کی جائے گی بلکہ ان کو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا۔ نئی حکمت عملی کے تحت پنجاب میں پیپلز پارٹی کے محاذ کو مزید گرم کر کے مسلم لیگ ن کے طرز حکومت کا جم کر مقابلہ کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی کے تمام رہنماؤں کو پارٹی کی نئی پالیسی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے اتحاد کی خبریں عام تھیں ، لیکن اب بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کی تجویز کو مسترد کر کے اپنے انتخابی نشان کے ساتھ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔