متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کا مقررہ مدت میں استعمال یقینی بنائیں‘شہبازشریف

 
0
273

لاہور دسمبر 29(ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ترقیاتی منصوبوں پر فیلڈ میں جا کرپیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔خصوصی کمیٹی کے اراکین فیلڈ میں جا کرخود ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے اورا س ضمن میں رپورٹ پیش کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے مدینہ منورہ سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال2017۔18 پر پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری کردہ فنڈ کا مقررہ مدت میں درست استعمال یقینی بنائیں کیونکہ ترقیاتی فنڈز کے بروقت اوردرست استعمال سے عوام منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفافیت،رفتار اورمعیار حکومت پنجاب کا طر? امتیاز ہے۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچانے کا اعزاز حکومت پنجاب کو ہی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال میں صوبے کے تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کیاہے اوریہ ترقیاتی پروگرام نہ صرف صوبے کی تیزرفتار ترقی بلکہ عوام کی پائید ار خوشحالی کا ضامن ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی جلد تکمیل ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب حکومت کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کا آئینہ دار ہے اوراس پروگرام میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کی سکیموں کو ترجیح دی گئی ہے۔635 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام پر عملدآمد سے صوبے میں ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آرہی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،اسی لئے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے ریکارڈ فنڈز رکھے گئے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کا محور عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔سالانہ ترقیاتی پروگرام2017۔18میں سماجی شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں کارپٹڈسڑکوں کا جال بچھایا گیا ہے اوردیہی سڑکوں کی تعمیرو بحالی کے اس بڑے پروگرام سے دیہی معیشت میں انقلاب آیاہے اوردیہی طرز زندگی بدلاہے۔ انہوں نے کہاکہ وسائل صوبے کے عوام کی امانت ہیں اورپائی پائی مفاد عامہ کے منصوبوں پر دیانتداری سے خرچ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت وسائل کا بروقت استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے اورجاری ونئی سکیموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تسلسل کیساتھ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف، صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے ماڈل ٹاؤن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔