پاکستان تر قی اور جمہوری استحکام کے ایک نئے سال میں داخل ہونے جا رہا ہے‘ سپیکر قومی اسمبلی

 
0
358

اسلا م آباد دسمبر 31(ٹی این ایس)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ 2018کا سورج پاکستا ن کی تر قی،عام آدمی کی خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔سپیکر نے کہا کہ 2018اس بات کا گواہ ہو گا کہ ہم تاریخ کے ایک صفحے کو پلٹ کو عصرحاضر کے چیلنجوں پر قابو پانے کے نئے عزم کے ساتھ ایک نئے سفر پر گامزن ہو گئے ہیں۔سپیکر نے معاشر ے کے پسماندہ طبقات کی تر قی کے لیے موجودہ حکومت کے شر اکتی جمہوریت کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے دن گنے جا چکے ہیں اور 2018پاکستان کی تر قی و خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔

انہوں نے ملک کے دفاع،سا لمیت اور سلامتی کے لیے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدما ت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پاکستان کو درپیش چلینجوں کا حوالہ دیتے ہوئے سر دار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم مستقل مزاجی سے پیش قدمی کرتے ہوئے ان چیلنجوں پر قابو پالے گی انہوں نے اپنے ہم وطنوں کو باہمی اختلافات کو بھلا کر بابائے قوم کے ایمان،اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مساوی تر قی اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور بین الاقعائد مکا لمے کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی نو جوان نسل اپنی مہار ت اور صلا حیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کو ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل کر یگی۔

پاکستان کے علاقائی مقاصد کا تذکرہ کرتے ہوئے سپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن جنوبی ایشیا ء کے لیے پر عزم ہے اورخطے میں امن کے قیام کے لیے خطے کے دیگر ممالک سے اس سلسلے میں تعاون جاری رکھے گا پاکستان کی عوام کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے سر دار ایاز صادق نے سال نو میں ملکی تر قی اور خوشحالی کی تمنا کا اظہار کیا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی نے نئے سال کی شروعات پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال پوری قوم اور دنیا کے لیے خوشیاں، مسرت اور غموں سے نجات کا پیغام لے کر آئے گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ 2018دنیا کے لیے امن، ہم آہنگی اور استحکام کا سال ثابت ہو گا۔