سال نوکے آغاز پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی ناکام ہے‘ خورشید شاہ

 
0
319

اسلام آباد ،جنوری01(ٹی این ایس):قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے سال نو کے آغاز پر پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بے انتہا اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے حکومتی پالیسیوں کی ناکامی قرارا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی موجودہ فضا میں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے اور ہم کسی صورت عوام پر یہ ظلم نہیں ہونے دیں گے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت نے ملک و قوم پر اندرونی اور بیرونی قرضوں کا ناقابل برداشت بوجھ لاد رکھا ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے وہ دعوے کدھر ہیں کہ مالیاتی ریزرو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز ٹیکس لگا کر عوام کی جیبوں سے اربوں روپئے نکال رہی ہے اور اب پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھا کر عوام کیلئے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام پر یہ دوہرا عذاب نازل نہیں ہونے دے گی اور حکومت کے صحت ، تعلیم ، ترقی اور خوشحالی کے جھوٹے دعووں کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہر شعبہ زندگی میں محرومی کا شکار ہیں اور قرضوں میں بدترین اضافے کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کا انجام بخیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرول ، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔