پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سپریم کورٹ میں چیلنج

 
0
403

اسلام آباد جنوری 2(ٹی این ایس): حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار مولوی اقبال نے موقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے معاشی مسائل پیدا ہو نگے لہذا حکومتی فیصلہ کالعدم قرار دے کر پٹرولیم مصنوعات کی پرانی قیمتیں بحال کی جائیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تحفہ عوام کو دیا، پیٹرول 4.06، ڈیزل 3.96، مٹی کا تیل 6.79، لائیٹ ڈیزل 6.25 روپے فی لیٹرمہنگا کر دیا گیا ہے، وزیراعظم کی صوابدید ہے کہ اوگرا کی سمری منظور یا مسترد کر دے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے لیے پہلے معاملہ پارلیمنٹ میں لانا چاہیے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئین اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس سے دیگر اشیا مہنگی ہو جاتی ہیں، منتخب عوامی نمائندے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے کافیصلہ کریں۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر کیس کے فیصلے تک پرانی قیمتں بحال کی جائیں۔درخواست میں وفاق، وزارت خزانہ، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو فریق بنایا گیا ہے۔