مویشی پال حضرات جانوروں کو سردی کی موجودہ لہر سے بچائیں ٗڈاکٹر غلام حسین بھٹہ 

 
0
427

راولپنڈی جنوری 6(ٹی این ایس)ڈائریکٹر لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر غلام حسین بھٹہ نے راولپنڈی ضلع کے مضافاتی علاقوں میں شفاخانہ جات حیوانات کا دورہ کیا۔انہوں نے ویٹرنری ہسپتالوں میں مویشیوں کے لیے دستیاب علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں مویشی پال افراد کو حکومت کی طرف سے لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ سیکٹر کے فروغ کے لیے فراہم کی گئی سہولیات سے مستفید کریں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی سیکرٹری لائیوسٹاک وڈیری ڈیویلپمنٹ پنجاب نسیم صادق کی ہدایت پر راولپنڈی ڈویژن میں لائیوسٹاک پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے اور شفاخانہ حیوانات کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے دیہات میں موبائل ٹیمیں مویشیوں کو ٹیکے لگانے پر مامور ہیں۔ڈاکٹر غلام حسین بھٹہ نے ویٹرنری عملے سے کہا کہ وہ مویشی پال حضرات کو جانوروں کو بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اور حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات سے آگاہ کریں۔انہوں نے فارمرز سے کہا کہ وہ مویشیوں کو سردی کی موجودہ لہر سے بچاؤ کا بھی انتظام کریں دورے کے دوران ڈاکٹر غلام حسین بھٹہ نے پولٹری فارمرز سے بھی ملاقات کی اور انہیں محکمہ کی طرف سے پولٹری فارمنگ کے فروغ کے لیے اٹھائے گے اقدامات سے آگاہ کیا۔