31جنوری کو ڈیڑھ سو سال بعد پورے چاند کو گرہن لگے گا،پاکستان ،بھارت سمیت دنیا کے بہت سے حصوں میں دیکھا جا سکے گا

 
0
1275

لاہور جنوری 8(ٹی این ایس):31جنوری کو ڈیڑھ سو سال بعد پورے چاند کو گرہن لگے گا،پاکستان ،بھارت سمیت دنیا کے بہت سے حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔تفصیلات کے مطابق 2018 کا پہلا چاند گرہن 31 جنوری کو ہو گا۔ یہ مکمل گرہن ہو گا اور یہ مہینے کے دوسرے پورے چاند کے ساتھ نظر آئے گا، جسے عام طور پر بلیو مون یا نیلا چاند بھی کہا جاتا ہے۔اس طرح کا نظارہ گذشتہ 151 سال میں نظر نہیں آیا ہے۔ یہ گرہن آدھی رات کو لگے گا اور بحرِ اوقیانوس اس وقت چاند کی سمت ہو گا۔ وسطی اور مشرقی ایشیا، انڈونیشیا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے کافی حصوں میں چاند کا دلکش نظارہ دیکھا جا سکتا ہے۔ مغربی ایشیا، برِصغیر ، مشرقِ وسطیٰ اور مشرقی یورپ میں جب چاند طلوع ہو گا تو گرہن شروع ہو چکا ہو گا۔ الاسکا، ہوائی اور شمال مغربی کینیڈا میں یہ گرہن شروع سے آخر تک دیکھا جا سکتا ہے۔2017 سے پہلے چاند کا آٹھ فیصد جزوی گرہن 31 دسمبر 2009 ء کو لگا تھا لیکن بلیو مون کا مکمل گرہن آخری مرتبہ 31 مارچ 1866ء کو لگا تھا۔ اس حساب سے بلیو مون کا مکمل گرہن 151 برسوں میں پہلی مرتبہ لگ رہا ہے۔