عمران خان جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں-میاں نوازشریف

 
0
554

اسلام آباد جنوری 9(ٹی این ایس) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو کچھ عدالت میں ہو رہا ہے صحیح رپورٹ نہیں ہورہا ۔کمرہ عدالت میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ جو عدالت میں ہو رہا ہے صحیح رپورٹ نہیں ہورہا۔ صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ 17 جنوری سے طاہر القادری کی نئی تحریک کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں؟ نواز شریف نے کہا کہ ساڑھے چار سال سے تو انہی تحریکوں کا سامنا ہے، تحریکوں کا سامنا کرنا تو اب معمول کی بات ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں، انہوں نے ایک معصوم خاتون اور بچوں کو میڈیا کی توپوں کے سامنے کردیا ہے اور اس خاندان کی عزت داو پر لگادی۔کمرہ عدالت میں نواز شریف نے صحافیوں سے سوال کیا کہ آپ کو ان کیسز کی کچھ سمجھ آرہی ہے جس پر صحافیوں نے جواب دیا کہ گواہوں کے بیانات قلمبند ہورہے ہیں۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری جعلی بندہ ہے، اس کے اکاﺅنٹ کینیڈا میں ہیں، ان کی شخصیت سے متعلق شکوک وشبہات پائے جاتے ہیں‘جب انہیں موقع ملتاہے کینیڈا چلا جاتاہے کیونکہ پیسہ وہاں رکھا ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ طاہرالقادری کو ہماری طرح کا کلین شیو عالم دین ٹکرا توپھر اسے پتا چلے گا۔ ایک سوال کے جواب میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ طاہر القادری سے کیا مناظرہ کرنا جس کا جھوٹ ثابت ہوچکاہو۔عمران خان کی شادی سے متعلق سوال پرانہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی ذاتی زندگی ہے کچھ نہیں کہوں گا، اسلام میں 4شادیوں کی اجازت ہے ،کہیں رحمتا بابا ہے،کہیں رشتوں والی بڈھی ہے پاکستان میں کام چل رہاہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشیدعمران کے لیے پرانی بڈھیوں کی طرح رشتے ڈھونڈنے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتشار پھیلانے والی قوتوں کوعوام کبھی معاف نہیں کرےگی‘ سب جانتے ہیں وہ کس کےاشارے پر ایک رات میں کینیڈاسے پاکستان آتے ہیں، ان کے کیسز عدالتوں میں ہیں، عدالتوں کو از خود نوٹس لینا چاہیے ،اس طرح کی روایات کو ختم ہونا چاہیے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت گرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جوکچھ ہورہاہے، تمام نکتوں کو عوام جوڑ کر سمجھ سکتی ہے کہ کیا ہو رہا ہے، یہ لوگ پاکستان کی عوام کے دشمن ہیں، یہ چاہے کچھ کرلیں پاکستان میں وقت پر سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات ہوں گے، پاکستان میں جمہوریت اسی طرح مستحکم رہے گی، ہماری حکومت نے گزشتہ 4سال میں کام کرکے دکھایا ہے۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم صفدر کے ساتھ نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیش گئے ہیں۔احتساب عدالت نے استغاثہ کے 6 گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کررکھا ہے۔ نواز شریف کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکررہے ہیں۔ اب تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس کی 19، ایون فیلڈ پراپرٹیز کی 18 جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 22 سماعتیں ہوچکی ہیں۔احتساب عدالت نے استغاثہ کے مزید 6گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کررکھا ہے۔ تینوں ملزمان کی موجودگی میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے، وکیل صفائی خواجہ حارث بیانات کی روشنی میں گواہوں پر جرح کریں گے۔تینوں نیب ریفرنسز میں ان تک استغاثہ کے 12گواہان سدرہ منصور، جہانگیر احمد،محمد رشید، مظہر بنگش، شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد ، عمر دراز، یاسر شبیر، شکیل ناگرا، زاور منظور اور تسلیم خان بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔