پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور تجارت، تعلیم، ثقافت، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ٗوزیر اعظم 

 
0
347

اسلام آباد جنوری 9 (ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور تجارت، تعلیم، ثقافت، معیشت سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ٗ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ اور کثیر الشعبہ جاتی تعاون پہلے سے کہیں زیادہ پرزور انداز میں گہرا ہوگاوہ منگل کو یہاں پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سفیر یاؤ کو پاکستان میں تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں اقوام کے درمیان سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے استحکام کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ اور کثیر الشعبہ جاتی تعاون پہلے سے کہیں زیادہ پرزور انداز میں گہرا ہوگا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار
کیا کہ چینی سفیر سی پیک منصوبہ جات پر خوش اسلوبی سے اور تیز تر عمل درآمد میں اپنا سرگرم کردار ادا کریں گے۔ چینی سفیر نے پاکستان میں پرتپاک خیرمقدم پر وزیراعظم اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے کے عوام کے مفاد میں چینی اور پاکستانی قیادت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا اظہار کیا۔