اصلاح معاشرہ اور دین کی تعلیمات پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کیلئے اجتہاد نا گزیر ہے ٗ صدر مملکت ممنون حسین 

 
0
522

اسلام آباد جنوری 9 (ٹی این ایس)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اصلاح معاشرہ اور دین کی تعلیمات پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کے لئے اجتہاد نا گزیر ہے، اس سلسلے میں علمائے کرام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اجتہاد کی صلاحیت رکھنے والے علماء تیار کریں تاکہ جدید عہد کے تقاضے کی تکمیل کی جا سکے۔ انہوں نے یہ بات ممتاز عالم دین ڈاکٹر سیّد سلمان ندوی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں اپنے وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کے لئے علمائے کرام پر بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ اور برصغیر کے علما نے اس سلسلے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے لیکن رفتہ رفتہ معاملات اصلاح سے روایت کی طرف منتقل ہو گئے جس سے صورتحال تبدیل ہو گئی۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ دینی طبقات اصلاح معاشرہ کے لئے وسیع النظری سے کام لیں تاکہ مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی حقیقی روح کے مطابق معاشرے کی تشکیل کے لئے ضروری ہے کہ مختلف مکاتب فکر کی سطح سے اوپر اٹھ کر خالصتاً قرآن و سنت سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ڈاکٹر سیّد سلمان ندوی اور ان کے خانوادے نے تبلیغ دین اور تحریک پاکستان کے سلسلے میں قابل قدر خدمات انجام دیں جن کے لئے معاشرے میں وسیع پیمانے پر ان کا احترام کیا جاتا ہے۔