کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی کے قریب خود کش دھماکا، 6 شہید 17 زخمی

 
0
12850

کوئٹہ جنوری 9(ٹی این ایس)بلوچستان اسمبلی کے قریب زرغون روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ہوگئے جبکہ 17 افراد زخمی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق دھماکا صوبائی اسمبلی سے تقریبا 300 میٹر کے فاصلے پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب ہوا ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خود کش تھا ،جو موٹر سائیکل سوار نے کیا ،دھماکا اتنا شدید تھا کہ اسمبلی سمیت اردگرد کی عمارتیں لرز اٹھیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کی زد میں مسافر بس بھی آگئی ،جو شدید متاثر ہوئی ،ابتدائی تحقیق کے مطابق خود کش حملہ آور کا ہدف اسمبلی عمارت تھی ،لیکن سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے سبب اس نے ہدف تبدیل کیا ۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ عتیق کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

بلوچستان اسمبلی میں آج سابق وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے حوالے سے اہم ترین اجلاس ہونا تھا۔

تاہم صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہی نواب ثناء اللہ زہری نے وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔