کوئٹہ ، کاسی بحریہ ٹاون ہاوسنگ اسکیم کے نام سے جعلی رہائشی سکیم عوام الناس کو دھوکہ دہی ، قومی احتساب بیورو بلوچستان کا نوٹس حقائق جاننے کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی

 
0
1670

کوئٹہ  اکتوبر 7(ٹی این ایس)کوئٹہ کے نواحی علاقے میں کاسی بحریہ ٹاون ہاوسنگ اسکیم کے نام سے شروع کی گئی جعلی رہائشی اسکیم کے مالکان کا عوام الناس سے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے قومی احتساب بیورو بلوچستان نے حقائق جاننے کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔نیب بلوچستان کو کچھ عرصے سے کاسی بحریہ ٹاون ہاوسنگ اسکیم میں مبینہ طور پر پلاٹوں کی خرید و فروخت میں دھوکہ دہی کی شکایت موصول ہو رہی تھیں جس پر ڈی جی نیب بلوچستان کی ہدایت پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو اس ضمن میں ریونیو ریکارڈ سمیت تمام پہلووں کا جائزہ لے گی۔

نیب بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران مذکورہ ہاوسنگ اسکیم کے ارباب و اختیار کی جانب سے رہائشی اسکیم میں پیسہ لگانے والے لوگوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی کا عنصر پایا گیا تو مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ واضح رہے کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی کاسی بحریہ ٹاون ہاوسنگ اسکیم کے مالکان کی جانب سے کسی بھی رہائشی اسکیم شروع کرنے کے لئے ضروری این او سی حاصل نہ کرنے پر کاسی بحریہ ٹاون کے تمام دفاتر سیل کر دئیے ہیں۔ نیب نے متاثرین کو اس ضمن میں اپنے کلیم کے ساتھ نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔