بچوں کے اغواء ،زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

 
0
366

لاہور جنوری 11(ٹی این ایس) بچوں کے اغواء ،زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی ۔تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ملک تیمور مسعود کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے اغوا،زیادتی اور قتل کے بڑھتے واقعات پر اظہار تشویش ہے ، موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام نجی و سرکاری سکولوں کے سربراہان بچوں کی حفاظت یقینی بنائیں ، سربراہان کو پابند کیا جائے کہ وہ ایک خصوصی پریڈ مقرر کریں جس میں بچوں کو بتایا جائے کہ وہ کسی غیر متعلقہ افراد سے کوئی چیز نہ لیں اور نہ ہی ان کے ہاتھ سے کوئی چیز کھائیں ۔بچے رش والے راستے اختیار کریں اور ایسے افراد جن کو وہ جانتے نہیں ان کی بات کا یقین نہ کریں اگر کوئی ان کو زبردستی پکڑنے کی کوشش کرے تو بچے شور مچا کر عوام اکھٹی کریں ۔والدین بھی بچوں کی حفاظت کے پیش نظر ان کو سکول اکیلے آنے جانے نہ دیں۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سکول سربراہوں کو بچوں کو حفاظتی انتظامات کے حوالے سے خصوصی پریڈ مقرر کرے۔