وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا چراٹ میں ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

 
0
802

چراٹ  11 جنوری(ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو چراٹ میں سپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ جاری بیان کے مطابق آمد پر وزیراعظم نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعظم کو ایس ایس جی آرگنائزیشن، اس کی صلاحیتوں اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ایس ایس جی نے اپنی بعض پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے ایس ایس جی کے زیر استعمال بعض ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔ ایس ایس جی کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایلیٹ فورس کی کارکردگی اور دہشت گردی کے خلاف جاری کاوشوں کے دوران اس کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے ایس ایس جی اور مسلح افواج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں سے پاکستان میں امن بحال ہوا۔ وزیر دفاع، کور کمانڈر پشاور اور دیگر سینئر فوجی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔