نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم بہت برا کھیلی ،بدترین شکست پر کنڈیشنز کا بہانہ بنانا درست جواز نہیں‘انضمام الحق

 
0
434

لاہور جنوری 14(ٹی این ایس) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم بہت برا کھیلی اور اس بدترین شکست پر کنڈیشنز کا بہانہ بنانا درست جواز نہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز اور مسلسل تیسری شکست پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے انضمام الحق نے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ حریف ٹیم کے خلاف قومی ٹیم برا کھیلی، نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں لیکن اس کو جواز بنانا درست نہیں، ابھی سیریز کے 2مزید میچ باقی ہیں اس لئے کوئی بیان دے کر اپنے کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا، سیریز کے بعد کپتان ہو یا کھلاڑی سب سے پوچھیں گے۔شکست کی ذمہ داری لینے کے سوال پر انضمام الحق نے کہاکہ سیریز ختم ہوجائے تو ساری ذمہ داری مجھ پر ڈال دیجئے گا بلکہ میں خود اپنی ذمہ داری قبول کرلوں گا، تاہم یہ حقیقت ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور کوچ ایک ہی پیج پر ہیں اور تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔