ہمیں اپنی توجہ پاکستان سے ہٹا کر چین کی جانب کردینا چاہیے،بھارتی آرمی چیف

 
0
407

نئی دہلی جنوری 14(ٹی این ایس)بھارتی آرمی چیف جنرل بپن روات نے اعلان کیا ہے کہ بھارت چینی جارحانہ پن سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ متنازع سرحد پر گشت بڑھائے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ایک گفتگومیں بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ چین ایک طاقتور ملک ہے لیکن بھارت بھی کمزور نہیں ہے۔بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت نے متنازع سرحد پر فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے اور بھارت کسی کو اپنے علاقے میں آنے نہیں دے گا۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ معاملے کو کشیدگی سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی توجہ کا مرکز پاکستان سے جڑی مغربی سرحد سے ہٹا کر چین کی جانب کردینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں چین کے بڑھتے اثر وسوخ سے نمٹنے کے لیے پڑوسیوں سے شراکت داری مضبوط کرنی چاہیے، تاہم نیپال، بنگلادیش، سری لنکا، میانمار، بھوٹان اور افغانستان کو دور نہیں ہونے دینا چاہیے۔جنرل روات نے بتایا کہ چین، بھارتی سرحد لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر اپنی فوج بڑھا کر نئی دہلی پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے، چین ایک طاقتور ملک ضرور ہے لیکن بھارت بھی کسی سے کم نہیں ہے۔بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ چین نے چند مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لیے بہت بڑی مالی مدد فراہم کی ہے۔