جمعیت علماء اسلام آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، عبدالغفور حیدری

 
0
421

حویلیاں،جنوری15(ٹی این ایس):ڈپٹی چیئرمین سینٹ عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، عوام کی جوق در جوق شمولیت پارٹی کو مزید مستحکم اور مقبول بنا رہی ہے۔ وہ گذشتہ روز سلطان پور میں سردار ابرار احمد کی رہائش گاہ حجرہ شاہ زمان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب بھی موجود تھے۔

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جمعیت علماء اسلام زبردست کامیابی حاصل کرے گی، ملک میں مکمل نظام مصطفیٰ کا نظام ہماری منزل ہے، ہمارا کوئی کارکن اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک یہ مملکت مکمل اسلامی نہیں بنتی ہے۔ انہوں نے ایم ایم اے کی بحالی کا بھی عندیہ دیا اور آئندہ انتخابات ایم ایم اے اپنے مکمل زور بازو کے ذریعہ لڑ کر سابق تاریخ کو بہتر بنائے گی۔

انہوں نے معصوم زینب کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سابق ڈپٹی سپیکر سردار محمد یعقوب کو جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کی دعوت دی۔ سردار ابرار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہمارا آئندہ کنونشن 25 مارچ کو ہو گا، کارکن اور عوام جن امیدواروں کا اعلان کریں گے جو امیدوار صوبائی اور قومی اسمبلی کیلئے سامنے آئیں گے ان کی مکمل حمایت کی جائے گی، ہماری جماعت اس مرتبہ ہزارہ ڈویژن میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔