اسٹیٹ بینک اور سینٹرل بینک آف رشین فیڈریشن کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

 
0
315

کراچی ،جنوری 15 (ٹی این ایس): اسٹیٹ بینک کے گورنر نے ماسکو ، روس میں سینٹرل بینک آف رشین فیڈریشن کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ یہ اسٹیٹ بینک کے کسی بھی گورنر کی جانب سے سی بی آر ایف کا پہلا دورہ ہے۔

اسٹیٹ بینک نے سی بی آر ایف کے ساتھ مرکزی بینکاری میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔یہ اقدام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دستاویز پر سی بی آر ایف ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور گورنر سی بی آر ایف مس ایلویرانیبیو لینانے دستخط کیے۔

اس موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر عزت مآب قاضی محمد خلیل اللہ نے بھی شرکت کی۔ اسٹیٹ بینک کے وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر بینکاری پالیسی و ضوابط گروپ سید عرفان علی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مالی منڈیاں اور انتظامِ ذخائر محمد علی ملک بھی شامل تھے۔اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد مالی نظاموں کی ترقی، نظامِ ادائیگی،مالی انفراسٹرکچر اور مالی اداروں کی نگرانی کے شعبوں میں دونوں مرکزی بینکوں کے حکام کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔اسٹیٹ بینک بین الاقوامی تعاون کے محاذ پرکافی سرگرم کردار ادا کر تا رہا ہے، خاص طور پر گذشتہ دو برسوں سے۔ یہ اب تک اسٹیٹ بینک کی جانب سے 20 واں ایم او یو ہے، جس پر دستخط کیے گئے ہیں۔