چین کے ساحل پرہمارا تیل بردار جہاز امریکا نے غرق کیا،ایران کا الزام

 
0
382

تہران جنوری 16(ٹی این ایس)ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ چین کے ساحل پر ایرانی آئل بردار جہازسانچی امریکا نے ڈبویاہے ۔ ایران کے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پورٹس اینڈ سیلنگ آرگنائزیشن کے چیئرمین محمد راستاد نے بتایا کہ ہمیں چینی سمندر میں غرق ہونے والے جہاز کے عملے کے زندہ بچ جانے کی کوئی امید نہیں۔ عملے کے 32 میں سے دو بنگلہ دیش اور باقی سب ایرانی تھے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ بحری جہاز میں زور دار دھماکوں سے لگنے والی وآگ اور زہریلی گیس کے اخراج سے تمام عملہ لقمہ اجل بن گیا۔انہوں نے کہاکہ جہاز کو امریکا نے ایک سازش کے تحت حادثے سے دوچار کیا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق تیل بردار جہاز کا جنوبی کوریا کی طرف سفر کا تاثر غلط ہے۔ جہاز تیل کی بھاری مقدار لے کر شمالی کوریا جا رہا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ امریکا نے اسے ایک سازش کے تحت سمندر میں ڈبو دیا۔ادھرایرانی صدر حسن روحانی نے چینی سمندری حدود میں ایرانی تیل بردار جہاز کے حادثے کی فوری تحقیقات پر زور دیا ہے۔