اسمبلی سے استعفے سے متعلق شیخ رشید کی باتوں سے متفق ہوں، میں اس پارلیمنٹ پر ہزار بار لعنت بھیجتا ہوں عمران خان

 
0
294

حکومت اور شریف برادران پر شدید تنقید اور خیبر پختونخواہ میں تبدیلیوں کے دعوے کئے

لاہور، جنوری 17 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کا عندیہ دے دیا۔

لاہور کے مال روڈ پر اپوزیشن کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’اسمبلی سے استعفے سے متعلق شیخ رشید کی باتوں سے متفق ہوں، میں اس پارلیمنٹ پر ہزار بار لعنت بھیجتا ہوں،اسمبلی سے استعفوں کی تجویز پارٹی سے مشاورت کروں گا، ہوسکتا ہے اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر شیخ رشید سے آملیں۔

عمران خان نے کہا کہ ’آج یہاں احتجاج کر کے چلے گئے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہیں ملے گا، جلسے کے بعد طاہرالقادری سے ملاقات کروں گا اور انہیں بتاؤں گا کہ احتجاج کو کیسے آگے لے کر جانا چاہیے، کیونکہ اب ہماری بہت پریکٹس ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’دنیا میں کہیں بھی پولیس اس طرح نہتے شہریوں پر گولیاں نہیں چلاتی، سارا پاکستان دیکھ رہا تھا کہ ماڈل ٹاون میں پولیس نہتوں پر گولیاں چلارہی تھی، ماڈل ٹاون میں 14 لوگوں کو قتل کیا گیا اور کئی زخمی ہوئے، ماڈل ٹاؤن میں پولیس کیا فوج سے لڑ رہی تھی؟‘

ان کا کہنا تھا کہ ’زینب قتل کیس میں بھی پولیس نے شہریوں پر سیدھی فائرنگ کی، زینب کے والد نے پنجاب حکومت سے انصاف نہیں مانگا بلکہ انہوں نے آرمی چیف اور چیف جسٹس سے انصاف مانگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ ’پنجاب میں تحفظ کی خاطر لوگ مغرب کے بعد سڑکوں پر نہیں نکلتے، جبکہ پولیس کی کارکردگی کے باعث خیبر پختونخوا میں جرائم کی شرح آدھی رہ گئی۔