نواز شریف کی تصویر کی ایڈیٹنگ کی تحقیقات شروع ، پی ٹی آئی کے رہنما عمر ڈار ایف آئی اے کے سامنے پیش

 
0
445

عمر ڈار نے مبینہ طور پر نواز شریف کی والدہ کے ساتھ تصویر کو ایڈٹ کرکے ماں کی جگہ سعودی ولی عہد کی تصویر لگادی تھی

لاہور،جنوری18 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی تصویر کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنما عمر ڈار وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تصویر ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنما عمر ڈار ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوئے۔ عمر ڈار نے مبینہ طور پر نواز شریف کی والدہ کے ساتھ تصویر کو ایڈٹ کرکے ماں کی جگہ سعودی ولی عہد کی تصویر لگادی تھی۔ ایف آئی اے نے اس الزام میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ یہ تصویر اس وقت سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تھی جب نواز شریف سعودی عرب کے دورے پر تھے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عمر ڈار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج پر حکومت کا ردعمل آنا شروع ہو گیا ہے اور نااہل نواز شریف کی ایک تصویر کے لیے مجھ سے دو گھنٹے تحقیقات کی گئی جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قصور واقعہ کی تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج اور خواجہ آصف کے خلاف کیس میں مدعی بننے پر مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایک نااہل شخص کی تصویر پر بھونڈی تحقیقات کی جارہی ہیں، میرے کیس میں خود ایک ادارہ مدعی بن رہا ہے۔