وزیراعلیٰ کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت، انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

 
0
288

بھارتی فائرنگ کیوجہ سے نقل مکانی کرنیوالے افراد کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت

لاہور، جنوری  20 (ٹی این ایس):  وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے،وزیراعلیٰ نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو ہرممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں،ان افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔انہوںنے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے نقل مکانی کرنے والوں کا پوری طرح خیال رکھیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم پاکستان کی مسلح بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔