زیادتی اور استحصال،اب فلپائنی شہری کویت میں کام نہیں کریں گے

 
0
349

منیلا ،جنوری 21(ٹی این ایس):فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے اپنے ملک کے شہریوں کے کویت جا کر کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ۔ ایسی خبریں گردش میں ہیں کہ کویت میں فلپائنی شہریوں کو وسیع پیمانے پر استحصال اور زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے حکم دیا کہ اب فلپائنی شہری کویت جا کر کام نہیں کریں گے۔صدر کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسی خبروں کے بعد کہ کویت میں فلپائنی شہریوں کو وسیع پیمانے پر زیادتی اور استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے، صدر ڈوٹیرٹے نے یہ فیصلہ کیا ہے۔صدر ڈوٹیرٹے کے ترجمان ہیری روکے نے مزید کہا کہ اس خلیجی ملک میں بالخصوص خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جس کے نتیجے میں چند ایک واقعات میں خواتین ہلاک بھی ہوئیں۔انہوں نے کہاکہ صدر ڈوٹیرٹے کے اس فیصلے کے بعد لیبر سیکرٹری سیلوسٹر بیلو نے حکم جاری کر دیا ہے کہ اب فلپائنی شہری کام کرنے کی غرض سے کویت نہیں جائیں گے۔فوری طور پر کویتی حکومت نے صدر ڈوٹیرٹے کے اس فیصلے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔روکے کے مطابق کویت جا کر ملازمت کرنے والے فلپائنی شہری کافی زیادہ مسائل کا شکار ہیں اور اس پابندی کے بارے میں کافی پہلے سے غور کیا جا رہا تھا۔