فرانس میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، مبینہ داعشی گرفتار 

 
0
350
French police officers listen to the speech of French President Emmanuel Macron at the Gendarmerie headquarters in Calais, northern France, January 16, 2018. REUTERS/Benoit Tessier

پیرس،جنوری 21(ٹی این ایس):فرانس میں پولیس نے ایک مشتبہ ’داعشی‘ شدت پسند کو حراست میں لے کر دہشت گردی کا خطرناک منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس نے ایک داعشی شدت پسند کو گرفتار کیا ہے جس کی عمر33 سال بتائی جاتی ہے۔ اسے ایک ویڈیو میں داعش کے ہاتھ پر بیعت کا اعلان کرتے دیکھا گیا۔فرانس کے عدالتی ذرائع اور تفتیشی حکام کے مطابق مشتبہ شدت پسند فرانس میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو جنوبی شہر نیم سے گذشتہ منگل کوداخلی سلامتی کے ادارے کے اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔اس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے تاہم اس کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ گرفتار عسکریت پسند فرانسیسی پولیس کے لیے اجنبی ہے۔اس سے قبل اس کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں تھیں۔ عدالت میں پیش کئے جانے کے موقع پر اس کے خلاف مجرمانہ دہشت گرد گروپ کے ساتھ تعلق کا الزام عاید کیا گیا، عدالت نے تفتیش مکمل ہونے تک ملزم کو پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک فوٹیج بھی ملی ہے جس میں اسے گذشتہ برس موسم گرما میں داعشی خلیفہ ابو بکر البغدادی کے ہاتھ پر بیعت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔