سی ڈی اے میں خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے گا ، اس عمل میں وقت لگے گا،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی سینٹ کو یقین دہانی

 
0
496

اسلام آباد،جنوری 23 (ٹی این ایس): ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اے میں خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے گا تاہم اس عمل میں وقت لگتا ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کے سوال کے جواب میں بتایا کہ سی ڈی اے میں 5 ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔

ان میں بلوچستان کی 150 اسامیاں بھی ہیں۔ یہ اسامیاں پُر کرنے میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے میں 19 ہزار 453 منظور شدہ اسامیاں ہیں۔ اس وقت 14 ہزار 410 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ ان میں باقاعدہ ملازمین کی تعداد 13 ہزار 701 ہے۔ 5 ہزار 43 اسامیاں خالی ہیں۔ حال ہی میں سی ڈی اے نے 113 مختلف درجوں کی اسامیاں مشتہر کی ہیں اور شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل جاری ہے۔ شارٹ لسٹنگ او ٹی ایس ٹیسٹ نتائج کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ کابینہ ڈویژن سے این او سی کے حصول کی کارروائی زیر عمل ہے جس کے ذریعے 242 خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے گا۔