سرکاری حج اسکیم کے تحت ہونے والی قرعہ اندازی موخرکردی گئی 

 
0
354

اسلام آباد/کراچی جنوری 26(ٹی این ایس)ملک بھر میں سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کیلئے جمعہ کو ہونے والی قرعہ اندازی موخر کردی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے قرعہ اندازی روکنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے باعث سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی جمعہ کو ہونے والی قرعہ اندازی روک دی گئی ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے حج اسکیم میں سرکاری کوٹہ 67 اور نجی کوٹہ 33 فیصد مقرر کیا تھا تاہم لاہور ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ دونوں کا کوٹہ برابر یعنی 50، 50 فیصد کردیا جائے۔دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ سرکاری کوٹہ 60 فیصد اور پرائیوٹ کوٹہ 40 فیصد کیا جائے۔عدالتوں کے ان مختلف فیصلوں کے باعث وزارت مذہبی امور تذبذب کا شکار ہوگئی جس کی بنا پر قرعہ اندازی موخر کردی گئی۔وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور خالد مسعود کا کہنا ہے کہ قرعہ اندازی روکنے کا فیصلہ عدالتی فیصلوں کے باعث کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک یہ صورتحال واضح نہیں ہوجاتی، کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا تاہم وزیراعظم کے نوٹس میں بات لائی جائے گی اور حتمی فیصلے کے بعد ہی قرعہ اندازی ہوگی ۔یاد رہے کہ ملک بھر میں سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں 13 بینکوں کی مختلف برانچز میں 24 جنوری تک وصول کی گئیں۔