دنیا بھارت کو نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں تیز کرنے سے روکے‘شیخ جمیل الرحمن

 
0
799

سرینگر جنوری 26(ٹی این ایس)متحدہ جہاد کونسل کے سیکریٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو کروڑوں عوام کے لئے یوم عتاب اوریوم ٹارچر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھارت کو نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں تیز کرنے سے روکے۔ آسیان ممالک کے حکمرانوں کی جانب سے نئی دہلی میں اس یوم عتاب پر شرکت اور بھارت کے ساتھ معاہدوں کی اطلاعات نے مظلوم اور محکوم عوام کو زبردست تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ کیوں کہ بھارت دنیا سے اپنے ان تعلقات کا رعب و دبدبہ اپنی ریاستی دہشتگردی اور مظالم و اقلیتوں کی نسل کشی جاری رکھنے کے لئے ایک جواز کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیلئے جو دن سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے اور اس پر بھارت جشن مناتا ہے لیکن وہ دن مقبوضہ کشمیر ہی نہیں بلکہ شمال مشرقی بھارت اور مظلوم عوام کے لئے ماتم اور تکلیف کا دن ہوتا ہے۔ کیوں کہ بھارت جشن منانے کے لئے کروڑوں لوگوں کی ناکہ بندی کرتا ہے۔ لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی جاتی ہے۔ آج بھی یہی صورتحال ہے۔ متحدہ جہاد کونسل نے امن پسند دنیا اور آسیان ممالک بالخصوص پر زور دیا کہ وہ بھارت کی اس طرح کی مکاری سے خبردار رہیں۔ دنیا ریاستی دہشتگردی کے علمبردار ملک بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ اور ناجائز قبضے اور عوام کو غلامی میں رکھنے کی پالیسی کو ختم کرنے کی جانب توجہ دے۔ کشمیری اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق رائے شماری کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد کو کچلنے کے لئے بھارت کے تمام منصوبے اور جارحانہ ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔شہداء کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور بھارتی مظالم اور ریاستی دہشگردی کے باوجود کشمیری بھارتی غلامی سے نجات پائیں گے۔