بھارت میں زیرزمین دھماکے سے تیل کی چوری پکڑی گئی ،سرغنہ گرفتار، 3ملزمان فرار

 
0
325

نئی دہلی جنوری 26(ٹی این ایس)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے دوارکا علاقے میں انڈین آئل کارپوریشن کی زیر زمین پائپ لائن میں زوردار دھماکے سے تیل کی چوری پکڑی گئی،بھارتی ٹی وی کے مطابق دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے 150 فٹ لمبی سرنگ دریافت کی ہے جس نے سیکیورٹی ایجنسیوں اور دہلی پولیس میں ہلچل مچا دی ہے شاطر بدمعاشوں نے لمبی سرنگ کھود کر پائپ لائن میں والوو فٹ کرکے پٹرول چوری کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا تھا لیکن گیس کے دباؤ کی وجہ سے اچانک ہی وہاں دھماکہ ہوگیا جس کی آواز کافی دور تک سنائی دی گئی اور آس پاس کے مکانات بھی لرز گئے۔ دھماکہ کی آواز سے پولیس فورس، بی ایس ایف کا دستہ، تفتیشی کتے اور کمانڈوز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جہاں سے اس چوری کے سرغنہ محمد تنویر کو گرفتار کرلیا گیا جو دہلی کے دریا گنج علاقے میں مقیم ہے۔ دراصل تنویر نے کباڑیا کے کام کیلئے دوارکا میں 300 گز کا پلاٹ کرائے پر لیا تھا جس کے بارے میں وہ جانتا تھا کہ10 میٹر کے فاصلے پر تیل کی لائن جارہی ہے۔ اس پلاٹ میں ایک کمرہ بنا ہوا تھا جہاں پر اس نے کباڑ کا گودام بنا لیا اور وہاں سے ہی اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ سرنگ کھود کر پائپ لائن میں سوراخ کرکے تیل کی چوری شروع کردی۔ موقعہ واردات سے اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے اور تنویر سے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔