لاڑکانہ میں نشے میں مدہوش پولیس افسر نے ہوٹل پر بیٹھے افراد پرگاڑی چڑھادی ‘2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی

 
0
308

لاڑکانہ،جنوری29(ٹی این ایس):لاڑکانہ میں شراب کے نشے میں مدہوش پولیس افسر نے ہوٹل پر بیٹھے افراد پرگاڑی چڑھادی جس سے 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے پولیس سب انسپکٹرعلی مرتضیٰ چانڈیو نے اپنی کار ہوٹل پر بیٹھے لوگوں پر چڑھا دی، جس سے 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد سب انسپکٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ نے بھی واقعے کے وقت علی مرتضیٰ چانڈیو کے نشے میں ہونے کی تصدیق کردی ہے‘ اس کی گاڑی سے بھی شراب کی بوتلیں ملی ہیں۔دوسری جانب جاں بحق افراد کے لواحقین نے پولیس گردی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے رائس کینال روڈ بند کردیا۔ انہوں نے الزام عائدکیا کہ پولیس اپنے پیٹی بھائی کو بچانے کے لیے کیس کو دبا رہی ہے اور صرف دکھاوے کیلئے علی مرتضیٰ چانڈیو کو گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان و اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لے کر انصاف فراہم کریں۔