محکمہ انسداد بدعنوانی خیبر پختونخوا ہ میں افسران کی تقرریوں کے لئے نئے رولز رائج

 
0
274

پشاور،جنوری29(ٹی این ایس) : محکمہ انسداد بدعنوانی خیبر پختونخواہ میں افسران کی تقرریوں کے لئے نئے رولز رائج کردیئے گئے ہیں، پولیس افسران کی محکمہ انسداد بدعنوانی کے ڈائریکٹر تعینات ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے عہدے پر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس یا پراونشل سروس مینجمنٹ کا افسر تعینات ہوسکے گا، جس کا تبادلہ دوسرے محکمے سے کیا جائے گا۔

محکمہ انسداد بدعنوانی خیبر پختونخواہ میں افسران کی تقرریوں کے رولز تبدیل کرتے ہوئے گزشتہ دس برسوں کے دوران بیشتر عرصہ پولیس افسر کی تعیناتی والے عہدے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پر اب نئے رولز کے مطابق پولیس افسرکی تعیناتی پر پابندی ہوگی۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے علاوہ دیگر 28 عہدوں پر بھی پولیس اہل کار تعینات نہیں ہوسکیں گے۔ صرف 9 نشستوں پر پولیس اہل کار تعینات کئے جا سکے گے۔

جن پوسٹوں پر پولیس اہل کار تعینات کئے جاسکے گے ان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرائمز، سرکل آفیسر، انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل شامل ہیں، جن کے لئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی بیورو کریسی کی جانب سے کی گئی ہے جس کی وجہ خیبر پختونخوا میں پولیس اور بیورو کریسی کے درمیان اختیارات کے حصول کے لئے جاری سرد جنگ ہے۔